ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اگلے ایک ہفتے تک سست رہنے کا خدشہ ہے، حکام کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فور میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس متأثر ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فور میں خرابی سامنے آنے کے بعد مرمت کیلئے ایک ہفتہ درکار ہوگا۔ ترجمان پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ عالمی کیبل کنسورشیم کی طرف سے سب میرین کیبل کی مرمت آج شروع کی جائے گی۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق سب میرین کیبل کی مرمت 20 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے اور مرمتی کام کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو شام کے وقت انٹرنیٹ سروس میں سستی یا عدم دستیابی کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث عموماً ملک کی مجموعی انٹرنیٹ گنجائش کم ہوجاتی ہے کیونکہ انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا حصہ سب میرین کیبلز سے ہی گزرتا ہے۔ ماضی میں بھی اسی کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان کی بینڈ وڈتھ تقریباً 20فیصد تک کم ہوگئی تھی۔
یہ سوال بھی اہم ہے کہ شام کے وقت انٹرنیٹ زیادہ کیوں تنگ کرتا ہے؟ تو چونکہ شام کے وقت انٹرنیٹ کا عمومی استعمال بڑھ جاتا ہے اور دفاتر جانے والے افراد بھی شام 5 بجے کو ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد آفس سے گھر جاتے ہوئے یا پھر گھر پہنچ کر انٹرنیٹ کا استعمال بڑھا دیتے ہیں۔
زیادہ استعمال کی وجہ یہ بھی ہے کہ اگر آفس ورک کیلئے انٹرنیٹ استعمال کیا جائے تو آفس سافٹ وئیر، ورڈ پریس،، ویب سائٹس یا پھر سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزرتا ہے تاہم اگر تفریح کیلئے کیا جائے تو لوگ ویڈیوز دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں جس کا براہِ راست اثر انٹرنیٹ کی رفتار پر پڑتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








