دنیا ہلا دینے والے انکشافات زمین میں دفن ہوگئے، وہ ارب پتی جو بڑے انکشافات کرنے والے تھے مگر ان کی زبانیں ہمیشہ کیلئے بند کر دی گئیں۔ عین اسی وقت جب وہ بولنے اور انکشافات زبان پر لانے والے تھے، انہیں کسی انوکھے حادثے نے بالکل اس طرح نگل لیا جیسے کسی نے منہ کھولنے سے روکنے کیلئے انہیں قتل کردیا ہو، لیکن قاتل کا سراغ تک نہ مل سکا۔
ایڈمنڈ صفرا، جو 1932 میں بیروت میں پیدا ہوئے اور موناکو اور سوئٹزرلینڈ میں رہائش پذیر تھے، بینکاری کے عالمی نظام کے بانی تھے جنہوں نے ری پبلک نیشنل بینک آف نیویارک کی بنیاد رکھی۔ وہ پارکنسنز کی بیماری کا شکار تھے اور 1999 میں ایچ ایس بی سی کے ساتھ تقریباً 10 ارب ڈالر کے ڈیل کے آخری مراحل میں تھے جب 3 دسمبر 1999 کو موناکو میں ادو نقاب پوش افراد ان کے پینٹ ہاؤس میں داخل ہوئے اور آگ لگادی۔ ایڈمنڈ صفرا اور ان کی نرس ویوین ٹورنٹ نے خود کو باتھ روم میں بند کر لیا، مگر دھویں کے باعث دم گھٹنے سے دونوں ہلاک ہو گئے۔ واقعے کے محرکات اور اس ممکنہ مالیاتی ڈیل کے ساتھ اس کے تعلق پر مختلف سوالات آج بھی جوابات کے منتظر ہیں۔
رفیق حریری، لبنان کے سابق وزیر اعظم اور بیروت کے طاقتور کاروباری شخص تھے ، جو 2005 میں علاقائی سیاست اور طاقت کے توازن پر اہم انکشافات کی تیاری میں تھے۔ 14 فروری 2005 کو بیروت میں ان کے موٹر کیڈ کے قریب ایک وین میں 1800 کلوگرام ٹی این ٹی کے برابر بارود دھماکا ہوا، جس میں حریری سمیت 22 افراد ہلاک اور 220 زخمی ہوئے۔ یہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ علاقہ تباہ ہو گیا۔
اشرف مروان، مصر کے سابق صدر جمال عبدالناصر کے داماد اور سیاسی مشیر، جو 1970 کی دہائی میں مبینہ طور پر مصر اسرائیل تعلقات پر حساس معلومات لیک کرنے والے تھے۔ 27 جون 2007 کو لندن کے کارلٹن ہاؤس ٹریس میں اپنے پانچویں فلور اپارٹمنٹ کی بالکونی سے گر کر جاں بحق ہوگئے اور یہ موت اب تک پراسرار سمجھی جاتی ہے۔
الیگزینڈر پرپیلکن، روسی کاروباری شخصیت تھے جو 2009 میں روس چھوڑ کر یورپ چلے گئے اور مالیاتی نیٹ ورکس پر انکشافات کرنے والے تھے۔ 10 نومبر 2012 کو لندن کے قریب سینٹ جارج ہل میں جاگنگ کرتے ہوئے وہ اچانک گر کر ہلاک ہو گئے۔ صحت مند 44 سالہ شخص کی موت مشکوک تو قرار دی گئی اور بعد میں گیلسیمیم زہر کا شبہ بھی سامنے آیا لیکن قاتل کا پتہ نہ چل سکا۔
بیری شرمین، کینیڈا کے ارب پتی فارماسیوٹیکل ٹائیکون تھے جنہوں نے ایپوٹیکس کمپنی قائم کی اور عالمی دوا سازی کی قیمتوں پر اہم معلومات رکھتے تھے۔ 15 دسمبر 2017 کو ٹورنٹو کے اپنے گھر کے تالاب والے کمرے میں ان کی اور ان کی اہلیہ ہنی شرمین کی لاشیں ملیں۔ دونوں کے گلے میں بیلٹس باندھ کر پول کی ریلنگ سے لٹکایا گیا تھا، موت کی وجہ گلے پر دباؤ سے دم گھٹنا قرار دی گئی۔
جیفری ایپسٹین، امریکی فنانسر جو طاقتور شخصیات کے ساتھ روابط رکھتے تھے اور سیکس ٹریفکنگ کے الزامات میں جیل میں تھے۔ 10 اگست 2019 کو نیویارک کی میٹروپولیٹن کریکشنل سنٹر جیل میں ان کی لاش بیڈ شیٹ سے لٹکی ہوئی ملی، جسے سرکاری طور پر خودکشی قرار دیا گیا لیکن گارڈز نے چیک نہیں کیا، کیمرے خراب تھے اور عوام میں قتل کا شک بہت گہرا ہے۔
نکولائی مشیگیان، 29 سالہ کریپٹو کرنسی ماہر اور میکر ڈاؤ کے شریک بانی، جو بٹ کوائن اور ڈی سینٹرلائزڈ فنانس پر تنقیدی رائے رکھتے تھے۔ 28 اکتوبر 2022 کو سان جوآن، پوئرٹو ریکو میں سمندر کے قریب ان کی لاش ملی۔ موت سے چند گھنٹے پہلے انہوں نے ٹویٹ کیا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں انہیں قتل کرنا چاہتی ہیں، پولیس نے فاؤل پلے کا کوئی ثبوت نہیں پایا لیکن یہ پراسرار موت اب بھی بحث کا موضوع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








