قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو صرف ایک سنچری پر کلین چٹ دے دی گئی، پاکستان کے سابق میڈیم پیسر اور پشاور زلمی کے اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ اظہر محمود نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر کی پرفارمنس اتنی بری کبھی نہیں رہی، جتنا کہا جاتا رہا ہے۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ بابر اعظم نے اتنا اسکور کر رکھا ہے کہ لوگ اس کے 30، 35 رنز کو بھی کم سمجھتے ہیں۔ بابر اعظم تو ہمیشہ سے ہی ورلڈ کلاس پلیئر تھا، ہم نے بابر کو یہی کہا کہ وہ اپنی کرکٹ کھیلے۔
پریس کانفرنس کے دوران اظہر محمود نے کہا کہ بابر پراپر کرکٹنگ شاٹس کھیلنے والا کھلاڑی ہے، مار دھاڑ نہیں کرتا۔ اس نے آؤٹ اسٹینڈنگ کرکٹ کھیلی۔ پاکستان میں 180 یا 190 اسٹرائیک ریٹ والا بیٹر کوئی نہیں۔ بابر اعظم کے ساتھ آپ کو تسلسل مل جاتا ہے۔
بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ بیچ میں بابر اعظم کو ٹھیک سے استعمال نہیں کیا گیا، ان کیلئے سب کی خواہش یہی تھی کہ وہ سنچری مکمل کریں۔ ہم نے اپنا شیڈول دیکھ کر پاکستان سپر لیگ کیلئے اسکواڈ کو تشکیل دیا تھا، ہمارا ٹیم کمبی نیشن اور بینچ اسٹرینگ کافی مستحکم ہے۔
اظہر محمود نے کہا کہ لاہور میں کھیل آئے ہیں تو اب اندازہ ہے کہ وہاں کیسی وکٹس ہوں گی۔ امید ہے کہ ہمارے پاس ملک میں کافی ٹیلنٹ ہے اور اہم چیز یہ ہے کہ اس ٹیلنٹ کا ٹھیک طریقے سے استعمال کیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








