پانی آئے یا نہ آئے مگر مانیٹرنگ ہوگی! کراچی میں بلک فلو میٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا آغاز

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام کو جدید اور زیادہ موثر بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں شہریوں کو بہتر سروسز دینے کی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے۔ شہر بھر میں پانی کے بہاؤ کو بہتر انداز میں کنٹرول اور مانیٹر کرنے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بلک فلو میٹرنگ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے طویل عرصے سے مسائل کا شکار واٹر سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جدید بلک فلو میٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے پانی کی تقسیم میں شفافیت، بہتر کارکردگی اور اعداد و شمار پر مبنی انتظامی اصلاحات ممکن بنائی جائیں گی جبکہ ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی سہولت بھی فراہم ہوگی جس سے شہر میں پانی کی فراہمی کی درست نگرانی کی جا سکے گی۔

منصوبہ سندھ حکومت کے تعاون اور عالمی بینک کی معاونت سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (KWSSIP) کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد پانی کی غیر منصفانہ تقسیم، غیر حساب شدہ پانی کے ضیاع اور کمزور بلنگ سسٹم جیسے دیرینہ مسائل کو حل کرنا ہے۔

اس منصوبے کے تحت شہر کے مختلف اہم مقامات پر تقریباً 100 مانیٹرنگ چیمبرز قائم کیے جا چکے ہیں جن کا مقصد پانی کے بہاؤ کو منظم انداز میں دیکھنا اور اس پر مؤثر نگرانی رکھنا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں شہر کے 43 اہم مقامات پر یہ بلک فلو میٹرز لگائے جا رہے ہیں تاکہ مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کی درست نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے اور نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

یہ نیا سسٹم ریئل ٹائم ڈیٹا فراہم کرے گا جس کی مدد سے حکام پانی کی کمی، اس کے ضیاع میں کمی اور رہائشی، تجارتی اور صنعتی صارفین کے لیے منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا سکیں گے۔

Related Posts