بحری جہازوں پر قبضے کی ویڈیو! ایرانی نیوی کی حیران کن کارروائی منظرِ عام پر

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

آبنائے ہرمز کے قریب سمندری حدود میں ایرانی بحری کارروائی کی نئی تفصیلات سامنے آنے کے بعد خطے میں ایک بار پھر کشیدگی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ ایران نے اس واقعے کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کو تین تجارتی کارگو جہازوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی فورسز نے ابتدا میں ان جہازوں پر فائرنگ کی اور اس کے بعد بحری اہلکار کشتیوں کے ذریعے ان تک پہنچے جہازوں پر سوار ہوئے اور انہیں مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ ایران کا موقف ہے کہ یہ جہاز بغیر اجازت اور غیر قانونی طور پر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جس کے باعث انہیں روکا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی کا نشانہ بننے والے جہازوں میں سے ایک جہاز بھارت کی ریاست گجرات کی جانب جا رہا تھا۔ اسی طرح لائبیریا کے پرچم بردار کارگو جہاز ایپامینونڈاس کو دبئی سے بھارت کے سفر کے دوران ایرانی فورسز نے قبضے میں لیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک جہاز کو معمولی نقصان بھی پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

ویڈیو مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح اور نقاب پوش ایرانی اہلکار تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے جہازوں کے قریب پہنچتے ہیں، سیڑھیوں کی مدد سے اوپر چڑھتے ہیں اور چند ہی لمحوں میں جہازوں کا کنٹرول سنبھال لیتے ہیں۔ یہ پوری کارروائی ایرانی فوج نے خود ریکارڈ کی جسے بعد ازاں سرکاری میڈیا نے جمعرات کے روز جاری کیا۔ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

دوسری جانب پاناما نے اپنے پرچم بردار جہاز کی ضبطی پر ایران کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ادھر ایران اور امریکہ کے درمیان اگرچہ جنگ بندی موجود ہے تاہم خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ ساتھ ہی یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ جمعہ کو مذاکرات کا امکان موجود ہے۔

Related Posts