فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈکپ 2026 سے قبل ایران نے اپنی شرکت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ شمالی امریکا میں شیڈول اس عالمی ٹورنامنٹ کے لیے ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس کی قومی ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ قومی فٹبال اسکواڈ ورلڈکپ 2026 میں شرکت کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے اور ٹیم کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے بتایا کہ وزارتِ کھیل و نوجوانان نے ٹیم کی کامیاب شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام تیاریاں وزیرِ کھیل کی ہدایات کے مطابق کی گئی ہیں تاکہ قومی ٹیم کو بہترین سہولیات، تربیت اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
واضح رہے کہ فیفا کے صدر جیانی انفانتینو نے 16 اپریل کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کی ٹیم ورلڈکپ میں ضرور شرکت کرے گی۔ ان کے مطابق ایران کے کھلاڑیوں کو عالمی ایونٹ میں اپنی نمائندگی کا موقع ملنا چاہیے اور کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا ضروری ہے۔
فٹبال ایونٹ 6 جون سے 11 جولائی تک امریکا میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر کی ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے مدِمقابل ہوں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








