لاہور میں 3 بچوں کے بہیمانہ اور لرزہ خیز قتل کا الزام سگی ماں پر عائد کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے تینوں بچوں کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اچھرہ سے 3 بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزمہ کا کردار مشکوک نکلا، شواہد اور بیانات کی روشنی میں ملزمہ کے خلاف مضبوط کیس تیار کیا گیا۔ خاتون نے منصوبہ بندی کے تحت تہرے قتل کی واردات کی۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے تینوں بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بے قصور ظاہر کرنے کیلئے ڈرامہ رچایا۔ ملزمہ میڈیکل کے بہانے گھر سے نکلی اور بعد میں شوہر کو فون کرکے بلا لیا۔ واپس آ کر صورتحال کو مختلف رنگ دینے کی کوشش کی۔ تحقیقات کے مطابق ملزمہ قتل کا الزام ساس پر ڈالنے کی کوشش کررہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات گھریلو جھگڑا واقعے کی ممکنہ وجہ ہوسکتا ہے۔ ملزمہ کی شناخت ردا کے نام سے ہوئی جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا نے بھی پولیس کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جائے وقوعہ پر والدہ کے بیانات متضاد رہے۔
ڈی آئی جی انوسٹی گیشن نے اہم پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ والدہ نے شواہد چھپانے کی کوشش کی۔ واش روم سے بھی بچوں کے خون کے دھبے ملے ہیں۔ ملزمہ نے ہی قتل کی تمام تر منصوبہ بندی کی تھی۔ ملزمہ نے شوہر کے کردار پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شوہر غیر اخلاقی کاموں کیلئے مجبور کرتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے 3 بچوں کی خون سے لت پت لاشیں برآمد کیں جنہیں گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ فرانزک اور ٹیکنیکل شواہد جمع کیے اور بہت مختصر وقت میں تفتیش کو تکمیل تک پہنچایا۔ بیانات اور شواہد کی مدد سے یہ انکشاف ہوا کہ بچوں کی قاتل ان کی سگی ماں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








