لبنان اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی میں مزید تین ہفتوں کی توسیع

تازہ ترین

تازہ ترین

لبنان
(فوٹو: ایگزیوس)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری عارضی جنگ بندی میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جنگ بندی سے خطے میں امن کے امکانات مزید روشن ہوں گے۔ 

لبنان جنگ بندی کے حوالے سے کی گئی میڈیا گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ  نے کہا کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان موجودہ سیزفائر کو مزید تین ہفتوں تک بڑھا دیا گیا ہے، اور وہ جلد دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کی میزبانی کے خواہش مند ہیں تاکہ امن عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں خوش آمدید کہیں گے، جہاں اہم سفارتی پیش رفت ممکن ہو سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ وائٹ ہاؤس میں اسرائیل اور لبنان کے سفیروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات نہایت مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اس اجلاس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت دیگر اعلیٰ امریکی حکام بھی شریک تھے، جنہوں نے مذاکراتی عمل میں حصہ لیا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ واشنگٹن لبنان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ حزب اللہ جیسے خطرات سے خود کو بہتر طور پر محفوظ بنا سکے اور اندرونی استحکام حاصل کر سکے۔

ٹرمپ نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ آنے والے تین ہفتوں میں لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ملاقات ہو سکتی ہے، جو امن کی سمت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال کے دوران اسرائیل اور لبنان کے درمیان دیرپا امن کے قیام کے واضح امکانات موجود ہیں، اور امریکہ اس پورے عمل میں اپنا کردار نبھاتا رہے گا۔

Related Posts