واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کرسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے کے دوران اچانک ایک خطرناک صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک مسلح شخص نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسٹیج پر موجود تھے اور معروف جادوگر و دماغی کرتب دکھانے والے فنکار اوز پرل مین کے ساتھ گفتگو میں مصروف تھے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیج پر اوز پرل مین ایک ایسا مظاہرہ پیش کر رہے تھے جس میں وہ پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ کے آنے والے بچے کے ممکنہ نام کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اوز پرل مین ایک 43 سالہ امریکی پرفارمر ہیں جنہیں ذہن پڑھنے اور غیر معمولی ذہنی صلاحیتوں پر مبنی کرتب دکھانے پر دنیا بھر میں شہرت حاصل ہوئی۔
اوز پرل مین کو اصل شہرت 2015 میں اس وقت ملی جب انہوں نے امریکا کے معروف ٹیلنٹ شو ”امریکاز گاٹ ٹیلنٹ“ میں حصہ لیا اور تیسرے نمبر پر رہ کر اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ اس کے بعد سے وہ مختلف بڑے اداروں، کھیلوں کی شخصیات اور ٹیلی ویژن پروگرامز کے لیے اپنی پرفارمنس پیش کرتے آ رہے ہیں۔
اپنے کیریئر میں وہ ایک ایمی ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں اور متعدد مقبول ٹاک شوز میں بھی بطور مہمان یا فنکار شریک ہو چکے ہیں۔ اس سال کی تقریب میں ان کی شرکت کو ایک غیر معمولی فیصلہ قرار دیا گیا، کیونکہ اس عشائیے میں عام طور پر مزاحیہ فنکار مدعو کیے جاتے ہیں جو صدر اور صحافیوں پر طنز کرتے ہیں۔
تقریب سے پہلے شائع ہونے والے ایک مضمون میں اوز پرل مین نے اس بات کا ذکر کیا تھا کہ اس بڑے ایونٹ کی تیاری ان کیلئے آسان مرحلہ نہیں تھا۔انہوں نے فخر کے ساتھ کہا تھا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے لوگوں کے ذہن پڑھنے کی مشق دراصل اسی خاص موقع کیلئے تھی، جب انہیں دنیا کی سب سے طاقتور شخصیت یعنی صدر ٹرمپ کے سامنے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








