پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے ٹکٹس اور ان کی قیمتوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کا فیصلہ کن معرکہ 3 مئی کو لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں شائقین ایک بار پھر بھرپور جوش و خروش کے ساتھ میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فائنل میں تماشائیوں کی شرکت کی منظوری کے بعد ٹکٹنگ کا عمل بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فائنل میچ کے ٹکٹس پیر 27 اپریل کو شام 4 بجے سے آن لائن پلیٹ فارم pcb.tcs.com.pk پر دستیاب ہوں گے جبکہ شائقین کے لیے فزیکل ٹکٹس منگل کی صبح 10 بجے سے لاہور کے 18 مقررہ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر بھی حاصل کیے جا سکیں گے۔

اعلامیے میں مختلف انکلوژرز کی قیمتیں بھی واضح کر دی گئی ہیں۔ جنرل انکلوژرز جن میں حنیف محمد، امتیاز احمد، سعید احمد اور انضمام الحق شامل ہیں، کے ٹکٹ 1500 روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔ اسی طرح فرسٹ کلاس انکلوژرز (عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد اور سرفراز نواز) کے ٹکٹ 2000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
شائقین کے لیے زیادہ بہتر نظارے والے وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود اور عمران خان) کے ٹکٹس 6000 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ پریمیئم انکلوژرز (راجہ اور سعید انور) کے لیے قیمت 4000 روپے رکھی گئی ہے۔
وی سی آئی پی انکلوژر (وقار یونس) کے ٹکٹ 8000 روپے میں ملیں گے جبکہ جناح اینڈ میں موجود ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹس 10 ہزار روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی سی بی گیلری سے فائنل میچ دیکھنے کے خواہشمند شائقین کیلئے ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








