سرکاری ملکیت کا دور ختم! عارف حبیب پی آئی اے 100 فیصد حصص حاصل کرنے میں کامیاب

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے عمل میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت عارف حبیب کنسورشیم اب قومی فضائی کمپنی کے مکمل یعنی 100 فیصد حصص حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

پی آئی اے کنسورشیم کے ایک ترجمان کے مطابق یہ پیش رفت اس منصوبے میں ایک اہم مرحلہ ہے جس کے بعد ادارے کی ملکیت مکمل طور پر نجی شعبے کے پاس آ گئی ہے۔

ایم ایم نیوز کی رپورٹس کے مطابق عارف حبیب کنسورشیم نے پہلے سے حاصل کردہ 75 فیصد حصص کے بعد اب باقی 25 فیصد شیئرز خریدنے کا اختیار بھی استعمال کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں مجموعی طور پر تمام حصص اسی کنسورشیم کے پاس چلے گئے ہیں، یوں پی آئی اے کی مکمل ملکیت ان کے زیرِ انتظام ہو گئی ہے۔

معاہدے کی شرائط کے مطابق اضافی 25 فیصد حصص کی رقم بھی جمع کروا دی گئی ہے جبکہ ساتھ ہی 45 ارب روپے کی بینک گارنٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ تمام مالی تقاضے معاہدے کے مطابق پورے کیے گئے ہیں، جس سے عمل اپنی آخری اور حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ عارف حبیب کنسورشیم مئی 2026 میں پی آئی اے کا مکمل انتظامی کنٹرول سنبھال لے گا۔ اسکے بعد ادارے کے روزمرہ معاملات اور انتظامی فیصلے مکمل طور پر اسی کے دائرہ اختیار میں ہوں گے۔

کنسورشیم میں کئی بڑے کاروباری ادارے شامل ہیں جن میں فاطمہ گروپ، آرِف حبیب لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزرز، لیک سٹی، سٹی اسکول اور اے کے ڈی گروپ جیسے نام شامل ہیں۔ یہ شراکت دار مل کر اس منصوبے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

یہ پیش رفت پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی تصور کی جا رہی ہے کیونکہ اس کے ذریعے کئی دہائیوں پر محیط سرکاری ملکیت کا دور ختم ہو رہا ہے اور قومی فضائی ادارہ اب مکمل طور پر نجی انتظام میں منتقل ہو رہا ہے۔

Related Posts