ہزاروں زندگیاں ایڈز کی لپیٹ میں! پاکستان میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں تشویشناک اضافہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان میں 2025 کے دوران ایچ آئی وی کے 14,182 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہر ماہ اوسطاً 1,100 سے زائد نئے مریض سامنے آئے۔ یہ اعداد و شمار ملک میں اس بیماری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ماہانہ اوسطاً 1,182 نئے کیسز سامنے آئے۔ سب سے کم تعداد مارچ میں دیکھی گئی جہاں 1,016 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ جولائی میں سب سے زیادہ یعنی 1,443 کیسز سامنے آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سال کے دوسرے حصے میں انفیکشن کی شرح نسبتاً زیادہ رہی۔

نئے کیسز کی تفصیل کے مطابق مرد سب سے زیادہ متاثر ہوئے جن کی تعداد 8,386 رہی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 59 فیصد بنتی ہے۔ خواتین میں 3,314 کیسز رپورٹ ہوئے جو 23 فیصد ہیں، جبکہ بچوں میں 1,748 کیسز سامنے آئے جو 12 فیصد حصہ ہے۔ اس کے علاوہ خواجہ سرا افراد میں 734 کیسز رپورٹ ہوئے جو کل تعداد کا 5 فیصد ہیں۔

صوبائی سطح پر دیکھا جائے تو پنجاب سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں 7,920 نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ میں 3,859 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد 1,383 رہی۔

اسلام آباد میں 498، بلوچستان میں 472، آزاد کشمیر میں 43 اور گلگت بلتستان میں 7 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ بیماری ملک کے مختلف حصوں میں مختلف شرح سے پھیل رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق 2024 میں تقریباً 13,000 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ دسمبر 2025 تک ملک میں رجسٹرڈ ایچ آئی وی مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 84,421 تک پہنچ گئی ہے۔

ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق اس وقت 60,785 مریض علاج کی سہولت حاصل کر رہے ہیں۔ صحت کے ماہرین نے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رجحان کو روکنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔

Related Posts