پاکستان اور چین نے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کردئیے

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے۔ یہ دستخط ایک اعلیٰ سطحی تقریب میں کیے گئے جہاں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور سرکاری نمائندوں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط صدر مملکت آصف علی زرداری  کی موجودگی میں ہوئے  جبکہ سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ علی حسن بروہی اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب کے دوران پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

دونوں ممالک کے مابین تعمیراتی مشینری، ویٹرنری ہیلتھ اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں معاہدے طے پائے۔ سہ فریقی تعاون کے تحت سی پیک سے متعلق مشینری اور آلات کی فراہمی کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ پاکستان میں صنعتی یونٹس کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ ہوا۔

تقریب کے دوران الحسن ٹریڈ اسٹیبلشمنٹ، سینی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نائب صدر سینی گروپ اور چیئرمین نے بھی ایم او یوز پر دستخط کیے۔

جانوروں کی صحت کے شعبے میں تعاون کیلئے ویکسین، خصوصاً منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین کی فراہمی کیلئے  مشترکہ منصوبے پر اتفاق ہوا۔ اس کے ساتھ پاکستان میں مویشیوں کیلئے ٹریکنگ اور ٹریس ایبلٹی نظام کے نفاذ میں تعاون بھی معاہدے کا حصہ بنایا گیا۔ اس معاہدے پر شرجیل انعام میمن اور لوئیانگ ماڈرن ٹیکنالوجی گروپ کے چیئرمین وانگ شانپو نے دستخط کیے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر ضیاء الدین ہسپتال اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت طے پائی۔ اس کا مقصد کلینیکل میڈیسن میں جدید ذہین روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ اس معاہدے پر ڈاکٹر انوپ کمار داوانی اور متعلقہ کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجر نے دستخط کیے۔

Related Posts