کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جا چکا ہے اور شہر بھر میں جگہ جگہ لگے ریڑھی بازاروں میں تربوز کی بھرمار نظر آ رہی ہے تاہم اس بڑھتی ہوئی طلب کے ساتھ ہی بعض عناصر کی جانب سے ملاوٹ اور جعلسازی کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ دکاندار غیر قانونی سرخ رنگ یا مصنوعی مٹھاس استعمال کر کے کچے پھل کو زیادہ سرخ اور غیر فطری طور پر میٹھا بنا کر فروخت کرتے ہیں جبکہ کٹا ہوا نمونہ گاہکوں کو متاثر کرنے کیلئے کئی گھنٹے کھلا رکھا جاتا ہے۔
نمونہ تربوز کے دھوکے سے کیسے بچا جائے؟
ماہرین کے مطابق صرف کٹے ہوئے نمونے پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔ اکثر دکھایا جانے والا چمکدار سرخ ٹکڑا کسی دوسرے یا کیمیکل زدہ تربوز سے لیا گیا ہوتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ پورا تربوز خریدا جائے اور اسے اپنی موجودگی میں تازہ کٹوایا جائے تاکہ معیار اور تازگی یقینی ہو سکے۔
تربوز میں انجکشن یا رنگ کی نشاندہی کیسے کریں؟
تربوز خریدنے سے پہلے اس کے چھلکے پر باریک سوراخ یا سوئی جیسے نشان ضرور دیکھیں خاص طور پر ڈنٹھل کے قریب۔ قدرتی تربوز کا اندرونی رنگ غیر یکساں گلابی ہوتا ہے جبکہ کیمیکل ملا پھل غیر معمولی طور پر یکساں اور تیز سرخ دکھائی دیتا ہے۔ اگر سفید حصہ بھی گلابی مائل ہو جائے تو یہ بھی ملاوٹ کی علامت ہو سکتی ہے۔ اصل تربوز کا رس عام طور پر ہاتھوں پر غیر معمولی سرخی نہیں چھوڑتا۔
خوشبو اور ذائقہ سے اصل اور نقلی تربوز کی پہچان
تازہ تربوز میں ہلکی میٹھی اور قدرتی خوشبو ہوتی ہے جبکہ کیمیکل ملا یا خراب پھل سے عجیب سی کیمیکل یا کھٹی بو آ سکتی ہے۔ ذائقے میں اگر غیر معمولی تیزی، کڑواہٹ یا عجیب سا فز محسوس ہو تو یہ بھی غیر معیاری ہونے کی نشانی ہے۔
شدید گرمی میں حفظان صحت کے اصول
اس موسم میں پہلے سے کٹے ہوئے پھل خریدنے سے گریز کیا جائے خاص طور پر ایسے اسٹالز سے جہاں برف یا فریج کی سہولت موجود نہ ہو۔ کراچی کی گرمی اور نمی میں بیکٹیریا بہت تیزی سے بڑھتے ہیں۔ گھر میں تربوز کو اچھی طرح دھو کر کاٹیں اور کٹے ہوئے حصے کو جلد از جلد فریج میں رکھیں جبکہ اسے دو سے تین دن کے اندر استعمال کرنا بہتر ہے۔
احتیاط ہی حفاظت ہے
ماہرین کے مطابق سب سے محفوظ طریقہ یہی ہے کہ پورا تربوز خریدا جائے، کٹائی خود دیکھی جائے اور اپنی حسیات پر اعتماد کیا جائے۔ خاص طور پر مصروف علاقوں میں اگر تربوز کا رنگ غیر معمولی حد تک دلکش یا غیر فطری لگے تو اس کے اصل ہونے پر ضرور سوال اٹھایا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








