پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کا فائنل میچ آج ہوگا، میچ کا وقت رنگا رنگ اختتامی تقریب کے باعث تبدیل کردیا گیا ہے جس میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ سمیت متعدد گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 11 کا فائنل 7 بجے کی جگہ اب 8 بجے شروع ہوگا۔ حیدر آباد کنگز مین اور پشاور زلمی کے مابین ساڑھے 7 بجے فائنل میچ کا ٹاس ہوگا۔ اختتامی تقریب کا آغاز 6 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔
اس سے قبل فائنل کیلئے ٹاس کا وقت ساڑھے 6 بجے جبکہ میچ کا آغاز 7 بجے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل پی ایس ایل 11 کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی ہوگئی۔ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ اسٹائلش فوٹو شوٹ بھی کروایا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور حیدر آباد کنگز مین کے مارنس لیوشین نے بس کا اسٹیرنگ سنبھال کر ریس بھی لگائی۔ سال 2017 کے پی ایس ایل کی فاتح پشاور زلمی ایک بار پھر پی ایس ایل کی چیمپین بننے کیلئے بے قرار ہے جبکہ حیدر آباد کی ٹیم پہلی بار ٹورنامنٹ کا حصہ بنی ہے اور شائقین کو میچ سنسنی خیز ہونے کی بھرپور توقعات ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








