کراچی میں پولیس اور رینجرز کی مختلف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
تفسیلات کے مطابق پولیس اور رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لیا گیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والے اسلحے میں مختلف اقسام کے ہتھیار شامل ہیں، جنہیں مبینہ طور پر مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کے لیے شہر میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بروقت کارروائیوں کے باعث ایک ممکنہ تباہی کی منصوبہ بندی کو ناکام بنایا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گرفتار ملزمان ایک ایسے نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو کراچی میں غیر قانونی اسلحہ منتقل کرنے میں ملوث ہے۔ حکام کے مطابق وسیع تر نیٹ ورک کا سراغ لگانے اور دیگر ملوث افراد کی شناخت کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس کو اطلاع ضرور دیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








