پاکستان کی ثالثی: امریکا نے ایران کے 14 نکاتی جنگ بندی پلان کا جواب دے دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: ڈان)

ایران امریکا جنگ پر پاکستان کی ثالثی کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکا نے ایران کے 14 نکاتی جنگ بندی پلان کا جواب پاکستان کے ذریعے دے دیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران کے 14 نکاتی امن منصوبے پر اپنا ردعمل بھیجا اور یہ پیغام سفارتی چینل کے طور پر پاکستان کے ذریعے موصول ہوا جس پر غور جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ ایران کا پیش کردہ 14 نکاتی منصوبہ بنیادی طور پر جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے پر مرکوز ہے۔ اس وقت تہران میں امریکا کے جواب کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے اور فی الحال دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کے جوہری مذاکرات نہیں ہورہے۔

اس سے قبل پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ تہران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کیلئے اپنی نئی تجاویز پاکستان کے حوالے کر دی ہیں۔ رضا امیری مقدم نے کہا کہ ان تجاویز کا مقصد جاری یا مسلط شدہ تنازع کو مستقل طور پر ختم کرنا ہے اور اس عمل میں پاکستان کو واحد ثالث کا کردار حاصل ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایران اپنے موقف اور مطالبات پر پہلے کی طرح قائم ہے اور اس میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تہران اپنی پوزیشن میں مکمل شفافیت رکھتا ہے اور مذاکرات کا مستقبل مکمل طور پر امریکا کے طرزِ عمل پر منحصر ہے۔ اگر واشنگٹن سنجیدگی دکھاتا ہے تو اسے اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا، تاہم ایران اپنے قومی مفادات اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

Related Posts