ایران کا بحری جہاز جسے امریکا نے بحری ناکہ بندی توڑنے کے باعث تحویل میں لے لیا تھا، عملے سمیت پاکستان کے حوالے کردیا گیا ہے جسے پاکستان وطن واپس بھیجے گا۔
حال ہی میں سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹِم ہاکنز نے کہا کہ آج امریکی افواج نے ایرانی جہاز ایم وی توسکا کے عملے کے 22 ارکان کو ایران واپسی کے لیے پاکستان منتقل کیا۔ مزید 6افراد گزشتہ ہفتے ہی خطے کے ایک ملک میں منتقل کردئیے گئے تھے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خطے کے ایک ملک کے حوالے کیے گئے یہ 6 افراد عملے کے بعض ارکان کے اہلِ خانہ تھے۔کیپٹن ہاکنز کا کہنا ہے کہ توسکا جہاز کی تحویل بھی اس کے اصل مالک کے حوالے کی جارہی ہے کیونکہ اسے گزشتہ ماہ امریکی بحری ناکہ بندی کے دوران روکا اور حراست میں لیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ایرانی جہاز تحویل میں لیے جانے کو ایرانی حکومت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی تھی جبکہ بحری ناکہ بندی اور جہاز کو تحویل میں لیے جانے کے معاملے پر تجزیہ کاروں کو بھی یہ تشویش لاحق ہوگئی تھی کہ ایران امریکا جنگ کہیں دوبارہ نہ شروع ہوجائے۔
امریکی حکومت کا ماننا ہے کہ 19 اپریل کو جب ایرانی جہاز توسکا کے عملے نے امریکی بحری جہازوں کی 6گھنٹوں کی تنبیہ کو نظر انداز کردیا تو امریکی ڈسٹرائر نے جہاز کے انجن روم کو متعدد گولوں کا نشانہ بنایا اور پھر امریکی میرنر نے جہاز پر چڑھائی کرکے اسے تحویل میں لے لیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








