پی ایس ایل 11 ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، بابر اعظم کپتان مقرر

تازہ ترین

تازہ ترین

بابراعظم محسن نقوی سے ٹرافی لے رہا ہے
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پی ایس ایل 11 کی فاتح پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کو ٹرافی دیتے ہوئے، فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو نہ صرف ٹیم کا حصہ بنایا گیا بلکہ انہیں کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔

ٹیم کے انتخاب کے لیے معروف کمنٹری پینل پر مشتمل پانچ رکنی جیوری نے فیصلے کیے، جبکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک الگ ایمرجنگ ٹیم بھی منتخب کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے تین، تین جبکہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو کھلاڑی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک، ایک کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ بنا۔

پی ایس ایل 11 کے میچز 26 مارچ سے 3 مئی تک لاہور اور کراچی میں کھیلے گئے، جن میں مجموعی طور پر 44 میچز شامل تھے۔

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 588 رنز اسکور کیے اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ کو بھی برابر کیا اور دو شاندار سنچریاں اسکور کیں۔

پشاور زلمی کے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کوشل مینڈس اور صوفیان مقیم شامل ہیں۔ کوشل مینڈس نے 550 رنز اسکور کیے اور بطور وکٹ کیپر 8 شکار کیے، جبکہ صوفیان مقیم نے 22 وکٹیں حاصل کر کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور بہترین باؤلر کا اعزاز حاصل کیا۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے عثمان خان، حسن خان اور ایمرجنگ پلیئر حنین شاہ کو ٹیم میں جگہ ملی۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی بھی شاندار کارکردگی کے باعث منتخب ہوئے۔

ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 367 رنز کے ساتھ ٹیم میں جگہ بنائی، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور رچرڈ گلیسن بھی آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث ٹیم کا حصہ بنے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا، جنہوں نے 291 رنز اسکور کیے۔

یہ ٹیم پی ایس ایل 11 کے سب سے بہترین پرفارمنگ کھلاڑیوں کا انتخاب قرار دی جا رہی ہے۔

Related Posts