جامعہ کراچی میں 5 مئی سے شروع ہونے والے سمسٹر امتحانات کو انجمن اساتذہ کی جانب سے بائیکاٹ کرنے کے اعلان نے طلبہ میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے مطالبات کی منظوری تک امتحانات کے بائیکاٹ کی دھمکی دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔
اساتذہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بینوویلیٹ فنڈ کی مد میں اس وقت 3 کروڑ 83 لاکھ روپے موجود ہیں، تاہم اس کے باوجود مسائل حل نہیں کیے جا رہے۔
اس حوالے سے اساتذہ کی جنرل باڈی کا اجلاس 7 مئی کو طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھ کر مالیاتی احتساب کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
دوسری جانب طلبہ تنظیموں نے اساتذہ کے بائیکاٹ کے فیصلے کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی ماضی میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات کر چکی ہے، جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوتی رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








