عالمی آٹو ڈیزائن کی دنیا کے معتبر ترین اعزاز کار ڈیزائن ایوارڈ 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں آڈی، رینالٹ اور جیپ کی ڈیزائن ٹیموں نے مختلف کیٹیگریز میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ ایوارڈ 1984 سے آٹو اینڈ ڈیزائن میگزین کی جانب سے دیا جا رہا ہے اور اسے آٹو انڈسٹری کا آسکر بھی کہا جاتا ہے۔
کار ڈیزائن ایوارڈ کی تقریب اٹلی کے شہر میلان میں واقع مشہور اے ڈی آئی ڈیزائن میوزیم میں منعقد ہوئی جہاں میلان ڈیزائن ویک کے دوران عالمی سطح کی ڈیزائن شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ایک خصوصی سیشن Sustainable Intelligence – Design in the Age of AI سے ہوا جس میں کرس لیفٹری، لوکا بورگونو، فلوریان سیڈل اور الیساندرو بیلوسیو جیسے معروف ماہرین نے مستقبل کے ڈیزائن اور مصنوعی ذہانت کے کردار پر گفتگو کی۔
کار ڈیزائن ایوارڈ کو تین بنیادی کیٹیگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ کانسیپٹ کارز، پروڈکشن کارز اور برانڈ ڈیزائن لینگویج اور آخری کیٹیگری اس برانڈ کو دی جاتی ہے جسکا ڈیزائن پوری پروڈکشن لائن میں مستقل اور واضح شناخت کے ساتھ نظر آتا ہے۔
2026 کے فاتحین
کانسیپٹ کارز کیٹیگری میں آڈی کی ڈیزائن ٹیم نے اپنے Concept C پروجیکٹ کے ذریعے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جینیسس کا Magma GT دوسرے اور اسٹروئن کا ELO تیسرے نمبر پر رہا۔



پروڈکشن کارز میں رینالٹ کی Twingo E-Tech Electric نے کامیابی حاصل کی جبکہ BMW کی iX3 دوسرے اور فیراری کی 849 Testarossa تیسرے نمبر پر رہی۔



برانڈ ڈیزائن لینگویج کے شعبے میں جیپ کی ڈیزائن ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جینیسس دوسرے اور BMW اور ڈیسیا مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔




کار ڈیزائن ایوارڈز کی جیوری کی چیئرپرسن سلویا بلفارڈی کے مطابق یہ ایوارڈ نہ صرف ڈیزائن کی تخلیقی برتری کو سراہتا ہے بلکہ جدید موبیلیٹی کے بدلتے رجحانات اور چیلنجز کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
ایوارڈ ٹرافی اور پائیداری کا نیا تصور
2026 کی ٹرافی Traccia کو ERRE کمپنی نے مسلسل تیسرے سال ڈیزائن کیا ہے جس میں پائیداری کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ اس ٹرافی کی بنیاد 3D پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی ہے جبکہ اس کے اندر استعمال شدہ کافی کے اجزاء بھی شامل کیے گئے ہیں جو Lavazza کے تعاون سے فراہم کیے گئے۔ Alcantara مواد کو نئے رنگوں اور خصوصی پیٹرن کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، جبکہ شفاف 3D پرنٹڈ عناصر ٹرافی کو ایک منفرد شکل دیتے ہیں۔
آڈی کے Concept C کے بارے میں کہا گیا کہ یہ جدید کار ڈیزائن میں سادگی اور خالص شکل کو واپس لاتا ہے جہاں ایک ہی بلاک جیسی ساخت میں ٹیکنالوجی اور جذبات کو یکجا کیا گیا ہے۔
رینالٹ کی Twingo E-Tech Electric کو ایک ایسی سٹی کار قرار دیا گیا جو چھوٹے سائز کے باوجود مضبوط ڈیزائن شناخت رکھتی ہے اور 90 کی دہائی کے کلاسک ماڈل کی جھلک بھی پیش کرتی ہے۔
جیپ کے بارے میں جیوری نے کہا کہ اس نے اپنی روایتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے گرل اور وہیل آرچ جیسے عناصر کو عالمی ایڈونچر اور آزادی کی علامت میں تبدیل کر دیا ہے جو برانڈ کی اصل روح کو مضبوط بناتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








