کراچی میں رواں سال کا گرم ترین دن، درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 44.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو معمول سے 7.8 ڈگری زیادہ ہے۔ حیران کن طور پر شام 6 بجے بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ پر برقرار رہا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں بھی شدید گرمی ریکارڈ کی گئی، جناح ٹرمینل پر 43.7، گلستان جوہر میں 43.3، ماڑی پور میں 43 جبکہ بن قاسم میں 42.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق ہوا میں نمی کی کمی اور تیز دھوپ کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے، جس سے شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی اور نمکیات کا زیادہ استعمال کریں اور بلا ضرورت صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر باہر جانا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، جبکہ سادہ غذا کے استعمال اور غیر معیاری اشیاء سے پرہیز بھی ضروری ہے۔

Related Posts