بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں شادی کے نام پر فراڈ کرنے والی ایک لٹیری دلہن کا حیران کن اسکینڈل سامنے آ گیا، جس نے مبینہ طور پر آٹھ مختلف مردوں کو شادی کا جھانسہ دے کر لوٹ لیا اور نویں واردات کے دوران پکڑی گئی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع بیڈ میں ایک منظم گروہ سرگرم تھا جو فرضی شادیوں کے ذریعے سادہ لوح افراد کو نشانہ بناتا تھا۔ اس گروہ کے ایجنٹ متاثرین کو شادی کے نام پر ورغلاتے اور پھر لاکھوں روپے بٹور لیتے تھے۔
حکام کے مطابق یہ کیس اس وقت منظر عام پر آیا جب ملزمہ نے گاؤں اوما پور کے ایک شخص کو اپنا نواں شکار بنانے کی کوشش کی۔ گروہ کے کارندوں نے اس شخص کو شادی کے لیے آمادہ کیا اور اس سے بڑی رقم وصول کی، تاہم شادی کے بعد دلہن کی مشکوک حرکات نے شکوک و شبہات پیدا کر دیے۔
متاثرہ شخص نے تحقیقات کیں تو انکشاف ہوا کہ ملزمہ اس سے قبل بھی آٹھ مختلف مردوں سے شادی کر کے اسی نوعیت کی دھوکہ دہی کر چکی ہے۔ جیسے ہی حقیقت سامنے آئی، اس نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








