حکومتِ پاکستان نے ’وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام‘ کے تحت قرض حاصل کرنے کے خواہش مند اوورسیز پاکستانیوں اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسکیم کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق حکومت نے ہاؤسنگ فنانس میں توسیع کرتے ہوئے وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام میں اوورسیز پاکستانیوں اور نجی شعبے کو بھی شامل کر لیا ہے، جس سے ملک میں رہائشی سہولیات کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔
اجلاس میں نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جبکہ دانش اسکول کُری اسلام آباد کے لیے 35 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
اس کے علاوہ یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے لیے تقریباً 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پیو پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری بھی دی گئی۔ حکومت نے اس پروگرام میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات شامل کیے ہیں۔
ای سی سی اجلاس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی، جو تنخواہوں، اخراجات اور واجبات کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق نیشنل اسٹیل کمپلیکس کی بحالی کے لیے گیس فراہمی کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ بجلی کے شعبے میں یکساں یوز آف سسٹم چارجز نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس پالیسی کا اطلاق تمام ڈسکوز اور کے-الیکٹرک پر ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








