آپ کو بھی شناختی کارڈ بنوانا ہے؟ نادرا نے کراچی والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

نادرا
(فوٹو: آن لائن)

نادرا نے کراچی میں شناختی کارڈ بنوانے کے خواہش مند افراد کو بڑی خوشکبری سنا دی۔شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے نادرا مراکز کے قیام کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر، سرجانی ٹاؤن اور ڈی ایچ اے سٹی میں نئے بڑے نادرا مراکز کے قیام اور موجودہ دفاتر کی اپ گریڈیشن کا کام اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان تینوں مقامات پر شہریوں کو نادرا کی سہولیات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز رواں ماہ کے دوران کر دیا جائے گا۔

سرجانی ٹاؤن میں تعمیر ہونے والا نیا بڑا نادرا سینٹر بھی تکمیل کے قریب پہنچ گیا۔ اس مرکز میں گلزارِ ہجری، جمالی پل، سپر ہائی وے اور اطراف کے علاقوں سے آنے والے تقریباً 200 شہریوں کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 6 کاؤنٹرز فعال کر دیے گئے، تاکہ درخواستوں کے پراسیس کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔

اسی طرح گل احمد ٹیکسٹائل کے قریب موجود نادرا سینٹر کی توسیع اور مکمل تزئین و آرائش کا عمل مکمل ہو چکا۔ اس سے قبل یہ مرکز 3 کاؤنٹرز پر مشتمل تھا، اب اسے بگ سینٹر میں تبدیل کرتے ہوئے 7  کاؤنٹرز تک بڑھا دیا گیا ہے، جس کے بعد یہاں روزانہ 100 کے بجائے تقریباً 300 افراد اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

دوسری جانب سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے اندر قائم نیا نادرا سینٹر بھی مکمل ہو چکا ہے، جہاں 2 کاؤنٹرز کے ذریعے روزانہ 80 سے 100 افراد کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس مرکز کے فعال ہونے سے ڈی ایچ اے، نوری آباد، جھمپیر اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں کیلئے شناختی دستاویزات کا حصول آسان ہوجائے گا۔

Related Posts