ایران امریکا جھڑپ کے بعد عالمی منڈی میں ہلچل، تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

تیل کی قیمت
(فوٹو: آن لائن)

ایران اور امریکا کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی منڈی میں ہلچل مچا دی ، جہاں جمعے کے روز خام تیل کی قیمتوں میں  کم و بیش 1 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تفصیلات کے مطابق سرمایہ کار جنگ بندی کے ممکنہ انجام اور آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت کی بحالی کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں غیر یقینی کیفیت مزید گہری ہو گئی۔رائٹرز کا کہنا ہے کہ عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ بڑھ کر 101.26 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔

اسی دوران امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی 0.9 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 95.66 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ کاروبار کے ابتدائی لمحات میں دونوں اہم بینچ مارکس میں 3 فیصد سے زائد تیزی دیکھی گئی تھی۔

قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے موقع پر سامنے آیا جب امریکا اور ایران نے جمعے کی رات آبنائے ہرمز میں ایک دوسرے پر حملوں کے الزامات عائد کیے، جس کے نتیجے میں خطے میں تناؤ نے دوبارہ شدت اختیار کر لی۔

ایران کا مؤقف ہے کہ امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی آئل ٹینکر، ایک بحری جہاز اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا، جبکہ واشنگٹن نے دعویٰ کیا کہ اس کی کارروائی ایرانی فورسز کی جانب سے امریکی بحری جہازوں پر فائرنگ کے ردعمل میں کی گئی۔

Related Posts