جھل مگسی: ایم 8 شاہراہ پر مسافر کوچ کو خوفناک حادثہ، 7 افراد جاں بحق ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

جھل مگسی
(فوٹو: وی نیوز)

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں ایم 8شاہراہ پر مسافر کوچ کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جھل مگسی میں ایم 8 شاہراہ پر مسافر کوچ الٹنے سے 7 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 20 سے زائد ہے۔ حادثہ مبینہ طور پر تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی افراد کی تعداد 22 ہے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیزرفتار مسافر کوچ خاران سے لاڑکانہ جاتے ہوئے ایم 8شاہراہ پر بے قابو ہو گئی۔ خوفناک حادثے نے 6افراد کی موقعے پر ہی جان لے لی۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے ایک ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 22افراد میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے حادثے میں اموات بڑھ جانے کا خدشہ ہے۔

ہسپتال میں منتقل کیے گئے زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ حادثے کی درست وجوہات کا تعین کرنے کیلئے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts