پنجاب کے تاریخی شہر ڈیرہ غازی خان میں نجی اسکول کی عمارت گرنے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، پولیس نے اسکول مالک سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔واقعے کے بعد سے اب تک اسکول پرنسپل سمیت دیگر ملزمان فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او کا کہنا ہے کہ اسکول پرنسپل اور دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ملزمان کے بیرونِ ملک فرار ہونے کی کوشش روکنے کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو خط لکھ دیا ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت کے مالک سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز عمارت گرنے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ حادثے میں 12بچوں سمیت 16افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 10زخمی بچوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈیرہ غازی خان میں عمارت گرنے سے معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر ملک بھر کے سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








