بھارت میں شادی کی ایک تقریب اُس وقت خونی تصادم میں تبدیل ہوگئی جب چکن لیگ پیس اور ڈی جے پر گانے چلانے کے تنازع نے پرتشدد جھگڑے کی شکل اختیار کر لی۔ واقعے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گورکھپور میں پیش آیا، جہاں دلہا اور دلہن کے اہل خانہ کے درمیان پہلے ڈی جے میوزک پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد کھانے کے دوران ایک باراتی نے چکن لیگ پیس نہ ملنے پر اعتراض کیا۔
معمولی بحث دیکھتے ہی دیکھتے شدید لڑائی میں تبدیل ہوگئی اور دونوں جانب سے افراد ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔ مشتعل افراد نے بیلٹ، لاٹھیوں، تلواروں اور پتھروں کا استعمال کیا جس سے شادی ہال میدان جنگ بن گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک ہونے والے تشدد سے تقریب میں بھگدڑ مچ گئی اور مہمان اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگتے رہے۔
پولیس کے مطابق تصادم کے دوران 25 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ ایک اور زخمی شخص زیر علاج ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 7 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








