پاکستانی نژاد برطانوی شہری سعدیہ سادات برطانوی ریڈنگ کونسل کی پہلی مسلمان کونسلر منتخب ہوگئی ہیں، انہیں یہ کامیابی انگلینڈ کے مقامی انتخابات کے دوران لندن کی نواحی کونسل ریڈنگ کے وارڈ کیورشم ہائتس میں ملی۔
تفصیلات کے مطابق سعدیہ سادات نے انگلینڈ کے مقامی انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی اور کیورشم ہائٹس سے پہلی مسلمان اور پہلی پاکستانی کونسلر منتخب ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ان کے انتخاب کو کیورشم ہائٹس میں بھی تاریخی اہمیت دی جارہی ہے۔
برطانوی حکام کا ماننا ہے کہ سعدیہ سادات اس وارڈ سے کامیابی حاصل کرنے والی واحد مسلمان اور پاکستانی کونسلر ہیں جو گزشتہ 20سال سے برطانیہ میں قیام پذیر ہیں اور سماجی خدمات میں پیش پیش رہتی ہیں، جن کی کامیابی میں ان کے والد کے کردار کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
اس حوالےسے میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنی کامیابی اپنے والد ظفر سادات کے نام کرتے ہوئے سعدیہ سادات کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی والد کی جانب سے حوصلہ افزائی، مسلسل حمایت اور اعتماد کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ میں اپنے حلقے کے عوام کی اعتماد کرنے پر بے حد ممنون ہوں۔
سعدیہ سادات کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کیلئے جوش و خروش سے کام جاری رکھیں گی۔ خیال رہے کہ برطانیہ سمیت متعدد مغربی ممالک میں سرگرمِ عمل بے شمار پاکستانی نژاد شہری مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اسی طرح بہترین خدمت اور محنت سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








