ڈھاکہ میں جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 230رنز پر اپنی 5 وکٹس گنوا دی ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 413رنز بنائے تھے۔
تفصیلات کے مطابق امام الحق اور اذان اویس نے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پاکستان کی پہلی وکٹ 106 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب امام الحق 45رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ اس وقت گری جبکہ 210 کے مجموعی اسکور پر اوپنر بیٹر اذان اویس 103رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر میزبان ٹیم کے کپتان نجم الحسن شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹس گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
کپتان شان مسعود نے صرف 9رنز کا اضافہ کیا اور مجموعی اسکور 226پر پہنچنے کے بعد تسکین احمد کی گیند پر شادمان اسلام کو کیچ دے بیٹھے۔ اس موقعے پر قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ میزبان بنگلہ دیش کے بولرز کے سامنے لڑکھڑاتی نظر آئی۔
سعود شکیل بھی قومی کرکٹ ٹیم کے اسکور میں کوئی اضافہ نہ کرسکے اور مہدی حسن میراز کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان اور سلمان علی آغا اس وقت کریز پر موجود ہیں اور 237کے مجموعی اسکور پر بیٹنگ جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








