اگر آپ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی انٹرنیٹ سہولت استعمال کر رہے ہیں تو آئندہ چند دنوں کے دوران آپ کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی یا سروس کی سست روی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پی ٹی سی ایل کے صارفین کے لیے انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کی وجہ زیرِ سمندر فائبر کیبل کی مرمت کا جاری عمل بتایا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 11 مئی سے 18 مئی تک سب میرین کیبل کی بحالی اور مرمت کا کام انجام دیا جائے گا، جس کے باعث بعض اوقات انٹرنیٹ سروس معمول سے کم رفتار پر چل سکتی ہے۔
خصوصاً شام کے اوقات میں صارفین کو کنیکٹیویٹی کے مسائل یا رفتار میں نمایاں کمی محسوس ہو سکتی ہے، کیونکہ اسی دوران مرمتی سرگرمیاں زیادہ اثر انداز ہوں گی اور انٹرنیٹ کو سست کردیں گی۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری بیان میں مزید وضاحت کی گئی کہ مرمت کا کام بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی نگرانی میں مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے۔ مرمت کا مقصد طویل مدت کیلئے انٹرنیٹ سروس کے معیار کو مستحکم بنانا اور صارفین کو زیادہ قابلِ اعتماد سہولت فراہم کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








