ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے دوران موسم سے متعلق محکمہ موسمیات نے تازہ پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان موجود ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق لاہور میں اگلے دو روز تک موسم نسبتاً بہتر رہے گا تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ متوقع ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر میں فی الحال مئی جیسی شدید گرمی نہیں ہے لیکن درجہ حرارت بلند رہے گا اور آئندہ دو روز تک موسم نسبتاً بہتر رہنے کا امکان ہے۔
عید کے موسم کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہوگا اور عید الاضحیٰ کے دنوں میں موسم زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم کسی نئے بارش کے سسٹم کی حتمی پیشگوئی ابھی نہیں کی گئی۔
ڈائریکٹر موسمیات نے النینو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بحرالکاہل میں یہ موسمی نظام فعال ہو جائے تو جنوبی ایشیا میں مون سون بارشوں کی مقدار کم ہو سکتی ہے، تاہم اس کا حتمی اثر صورتحال پر منحصر ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








