تمل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اور حال ہی میں تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ بننے والے وجے تھلاپتی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی سیاسی کامیابی نہیں بلکہ ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں ہیں۔
وجے تھلاپتی نے گزشتہ روز تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا، جہاں ان کے والدین اور قریبی دوست و اداکارہ ترشا کرشنن تقریب میں موجود تھیں۔ تاہم اس اہم موقع پر ان کی اہلیہ سنگیتا اور بچوں کی غیر موجودگی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے اور سنگیتا کے درمیان اختلافات کی خبریں کافی عرصے سے زیر گردش تھیں، لیکن وزیراعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں اہلیہ کی عدم شرکت نے ان افواہوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ سنگیتا اس وقت بچوں کے ساتھ لندن میں موجود تھیں اور انہوں نے وجے کی سیاسی کامیابی پر سوشل میڈیا یا عوامی سطح پر کوئی مبارکباد بھی نہیں دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس، انسٹاگرام اور ریڈٹ پر بھارتی صارفین اس معاملے پر مسلسل تبصرے کر رہے ہیں۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے موقع پر اہلیہ کا غیر حاضر ہونا دونوں کے درمیان علیحدگی یا طلاق کی خبروں کو مضبوط کرتا ہے، جبکہ بعض مداحوں نے اسے نجی معاملہ قرار دیتے ہوئے قیاس آرائیوں سے گریز کی اپیل بھی کی ہے۔
تاحال وجے تھلاپتی یا سنگیتا کی جانب سے ان خبروں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس کے باعث بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں مزید بڑھتی جا رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








