سوشل میڈیا پر آن لائن پروٹیکٹر (ای-پروٹیکٹر) سرٹیفکیٹ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر حکام نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے لیے ای-پروٹیکٹر کوئی لازمی شرط نہیں بلکہ صرف ایک آسان سہولت ہے۔
حکام کے مطابق آن لائن پروٹیکٹر سسٹم کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے اپنا پروٹیکٹر مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں دفاتر کے چکر اور غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایسے افراد جو آن لائن پروٹیکٹر کی سہولت استعمال کرتے ہیں، انہیں ای میل کے ذریعے ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔
وضاحت میں بتایا گیا کہ یہ سرٹیفکیٹ صرف آن لائن پروٹیکٹر کروانے والے افراد کے لیے ضروری ہوتا ہے کیونکہ ان کے پاسپورٹ پر پروٹیکٹر کی مہر یا اسٹیکر موجود نہیں ہوتا۔ ایئرپورٹ پر یہی سرٹیفکیٹ بطور ثبوت پیش کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب وہ شہری جو خود پروٹیکٹر آفس جاکر اپنا پروٹیکٹر مکمل کرواتے ہیں، ان کے پاسپورٹ پر باقاعدہ پروٹیکٹر اسٹیکر یا مہر ثبت کی جاتی ہے۔ ایسے افراد کو کسی اضافی آن لائن سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








