عدالت نے اچانک فیصلہ کیوں بدلا؟ منشیات فروش پنکی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی میں منشیات کے خلاف جاری کارروائی کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ سنا دیا ہے۔ کیس نے نہ صرف قانونی حلقوں بلکہ سکیورٹی اداروں کی توجہ بھی حاصل کر لی ہے کیونکہ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت اور نوعیت کو انتہائی سنگین قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

ان کے بیان کے مطابق اس سے قبل عدالت نے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ کو دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالتی کارروائی کے دوران پولیس نے ایک بار پھر ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دہرائی جس پر عدالت نے دلائل سننے کے بعد تین دن کے لیے جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ فیصلے کے بعد پولیس ملزمہ کو اپنی تحویل میں لے کر عدالت سے روانہ ہو گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف ماضی میں درج مقدمات اور اس کے ممکنہ نیٹ ورک سے متعلق تفصیلات بھی جمع کی جا رہی ہیں تاکہ مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون منشیات فروش کو گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور دیگر نشہ آور مواد برآمد ہوا تھا۔

Related Posts