بے قصور خاندان کو مشکل میں ڈال دیا! کراچی پولیس منشیات فروش پنکی کی سہولت کار؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں منشیات کیس کے دوران ایک نیا تنازعہ سامنے آ گیا ہے جس نے نہ صرف پولیس کی کارروائی پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں بلکہ ایک متاثرہ خاندان کو بھی غیر متوقع طور پر اس کیس میں الجھا دیا ہے۔ ایف آئی آر میں ہونے والی مبینہ غلطی نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزمہ کو گارڈن کے علاقے بلال آرکیڈ سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم مقدمے میں غلطی سے ایک ایسے فلیٹ کا پتہ درج کر دیا گیا جہاں گزشتہ آٹھ سال سے ایک اور فیملی کرائے پر رہائش پذیر ہے۔

Image

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان کا اس کیس یا ملزمہ سے کوئی تعلق نہیں اور وہ انمول عرف پنکی کو جانتے تک نہیں جبکہ ایف آئی آر میں ان کے پتے کے غلط اندراج پر وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

خاندان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس کی مبینہ غلطی کے باعث ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور انہیں غیر ضروری مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی درستگی ضروری ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گارڈن پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران خاتون منشیات فروش کو گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے بڑی مقدار میں کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور مواد برآمد ہوا تھا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی سے اسلحہ بھی برآمد ہوا اور اس کے پاس موجود منشیات کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ملزمہ ایک انتہائی مطلوب شخص تھی جو مبینہ طور پر شہر میں منشیات کی سپلائی اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک چلا رہی تھی اور اس کے خلاف پہلے ہی متعدد مقدمات درج تھے۔

پولیس ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ ملزمہ آن لائن منشیات کی فروخت میں ملوث تھی اور وہ مختلف رائیڈرز کے ذریعے جن میں خواتین رائیڈرز بھی شامل تھیں اس نیٹ ورک کو چلا رہی تھی۔

Related Posts