منشیات فروش ریکٹ چلانے والی پنکی کے بعد کراچی کے علاقے خداداد کالونی قبرستان کے قریب سے 35 کلو سے زائد اعلیٰ معیار کی چرس برآمدگی کے ساتھ ملکہ نامی ملزمہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے پوش علاقوں میں منشیات سپلائی اور فروخت کرتی تھی اور گرفتار ملزمہ کے مزید ساتھی بھی اس کے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
اس سے قبل گارڈن پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمہ پنکی سے پستول،کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں جو منشیات خود تیار کرتی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمہ کو سڑک پر پیسے بانٹنے کی عادت تھی اور ایک روز میں 40سے 50 لاکھ روپے تقسیم کردیا کرتی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انتہائی مطلوب اور 10 مقدمات میں مفرور ملزمہ شہر میں منشیات ڈیلنگ و سپلائی کے نیٹ ورک کو چلاتی تھی۔
ملزمہ پنکی کے بعد ملکہ کی گرفتاری سے کراچی میں منشیات فروشی کے مزید بڑے ریکٹس کی موجودگی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ منشیات فروش شہر کی نوجوان نسل کو زہر فروخت کرکے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








