بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی سے ایک خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں ایک شخص کو شدید طوفانی ہوا کے باعث فضا میں بلند ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریاست بھر میں خراب موسم نے تباہی مچا دی۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ تیز آندھی کے جھکڑوں نے ایک شخص کو ہوا میں اٹھا لیا جبکہ وہ قریب ہی موجود ٹین کی چھت کے ساتھ بھی بہہ گیا۔ چند لمحوں بعد وہ زمین پر آ گرتا ہے اور آس پاس کھڑے لوگ یہ منظر دیکھ کر ششدر رہ جاتے ہیں۔
A dramatic video from UP’s Bareilly has surfaced, showing a man being violently tossed several feet into the air by powerful winds during a severe storm. Clinging desperately to a tin shade, the victim was suddenly hurled skyward before crashing back to the ground. pic.twitter.com/23InPSYN4f
— Piyush Rai (@PiyushRaiUP65) May 14, 2026
رپورٹس کے مطابق اس شخص کی شناخت ننھے کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع بریلی کے گاؤں ببیانا میں رہائش پذیر وحید انصاری کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔ یہ ویڈیو تیزی سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیل گئی جہاں صارفین نے طوفان کی شدت پر حیرت اور تشویش کا اظہار کیا۔
یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی ہے جب اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان موسمی واقعات میں کم از کم 89 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پریاگ راج، بھدوہی، فتح پور، سون بھدر اور بریلی سمیت کئی اضلاع میں طوفان کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ گئے دیواریں گر گئیں، مکانات کو نقصان پہنچا اور بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی اور ریسکیو کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ فصلوں اور املاک کے نقصان کا جائزہ لے کر متاثرہ خاندانوں کو 24 گھنٹوں کے اندر معاوضہ فراہم کیا جائے۔
وائرل ویڈیو اس شدید طوفان کی سب سے خوفناک جھلکیوں میں سے ایک بن گئی ہے جو اتر پردیش میں تباہ کن موسمی صورتحال کی شدت کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








