غیر منظور شدہ ایئرلائنز کے ٹکٹس خرید لیے؟ مسافروں کے لیے اہم ہدایات جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی ایئرلائنز سے ٹکٹ خریدنے سے گریز کریں جنہیں ملک میں پروازیں چلانے کی باضابطہ اجازت حاصل نہیں ہے۔

کویت کے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مسافروں کے حقوق کے تحفظ اور فضائی آپریشنز کو منظم رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کونا کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عبداللہ الراجحی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت صرف کویت ایئرویز اور جزیرا ایئرویز کو ملک میں پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ دیگر ایئرلائنز نے تاحال کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آپریشن کے لیے مطلوبہ منظوری حاصل نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ مسافر جنہوں نے غیر منظور شدہ ایئرلائنز کے ساتھ ٹکٹ بک کروائے ہیں یا کسی قسم کا لین دین کیا ہے وہ حکومت کی سہل ایپ کے ذریعے شکایات درج کروا سکتے ہیں تاکہ متعلقہ ادارے خلاف ورزی کرنے والی ایئرلائنز کے خلاف کارروائی کر سکیں۔

عبداللہ الراجحی کے مطابق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی ایئرلائنز کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں ایسے معاملات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سہل ایپ ایئرلائنز اور ٹریول ایجنسیوں سے متعلق شکایات درج کروانے اور ان پر پیش رفت جاننے کے لیے حکومت کا باضابطہ الیکٹرانک پلیٹ فارم ہے۔ ان کے مطابق یہ نظام مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ متعلقہ ٹیموں کو شکایات کے حل اور نگرانی میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

Related Posts