پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آئندہ بورڈ میٹنگ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے فائنل میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے جو اس ماہ کے آخر میں بھارتی شہر احمد آباد میں منعقد ہوگا۔
بین الاقوامی کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے متعدد اہم اجلاس منعقد کیے جانے کا امکان ہے جن میں چیف ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا سیشن اور بورڈ میٹنگ شامل ہیں جہاں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے مستقبل پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق سی ای سی کا اجلاس 21 مئی کو آن لائن ہوگا جبکہ آئی سی سی بورڈ کا ذاتی اجلاس 30 اور 31 مئی کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔ اسی دوران آئی پی ایل 2026 کا فائنل بھی 31 مئی کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عمومی طور پر محسن نقوی سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ان اجلاسوں میں ذاتی طور پر شرکت کریں تاہم دونوں ممالک کی حکومتوں اور کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث ان کی ممکنہ شرکت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق پی سی بی چیئرمین کو نہ صرف آئی سی سی بورڈ میٹنگ بلکہ آئی پی ایل فائنل میں بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو اس ماہ کے آخر میں احمد آباد میں ہوگا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محسن نقوی نے یہ دعوت وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کر دی ہے جو اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ آیا وہ اجلاس اور آئی پی ایل فائنل میں شرکت کے لیے سرحد پار جائیں گے یا نہیں۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کے یہ اجلاس جو ہر سہ ماہی میں منعقد ہوتے ہیں اصل میں مارچ اور اپریل میں قطر کے شہر دوحہ میں ہونا تھے تاہم خطے میں کشیدگی کے باعث انہیں موخر کر دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








