اٹلی کے شمالی شہر موڈینا میں ایک شخص نے تیز رفتار گاڑی ہجوم میں گھسا دی جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوگئے جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
موڈینا کے میئر کے مطابق 30 سالہ افریقی نژاد ڈرائیور اپنی گاڑی ایک دکان کے شیشے سے ٹکرا کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا تاہم اس دوران راہگیروں نے روکنے کی کوشش کی مگر اس نے ایک شخص پر چاقو سے حملہ کر کے اسے معمولی زخمی بھی کیا بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اطالوی وزارت داخلہ کے مطابق ملزم نفسیاتی مسائل کا شکار ہے تاہم اس کے ممکنہ محرکات یا دہشت گردی کے پہلو کے بارے میں کوئی حتمی بات سامنے نہیں آئی۔
زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دو افراد کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے تقریباً 40 کلومیٹر دور بولوگنا کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے یہ بات میئر ماسیمو میٹّی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں بتائی۔
میئر نے واقعے کو جان بوجھ کر کیا گیا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ ڈرائیور نے دانستہ طور پر گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھائی اور لوگوں کو نشانہ بنایا۔
ایک زخمی شخص نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس نے لوگوں کو گرتے ہوئے سنا اور گاڑی قریب آتے دیکھ کر خود زمین پر لیٹ گیا اس کے مطابق ڈرائیور نشے کی حالت میں لگ رہا تھا تاہم حکام نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔
اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موڈینا میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی سنگین ہے اور ذمہ دار شخص کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








