آئی ایس پی آر کا سخت ردِ عمل: بھارتی آرمی چیف نے ایسا کیا کہہ دیا تھا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارتی آرمی چیف
(فوٹو: آن لائن)

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے آج بھارتی آرمی چیف  اوپیندر دویدی کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کا سخت ردِ عمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے، یہاں یہ سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ بھارتی آرمی چیف نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیان میں کیا کہا تھا؟

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا ردِ عمل بھارتی آرمی چیف کی ہرزہ سرائی کے بعد سامنے آیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف اوپیندر دویدی نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان نے کوئی غلطی کی تو اسے مٹا دیں گے۔ انہوں نے یہ دھمکی بھارتی دارالحکومت دہلی میں بیٹھ کر دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے مانیک شا سینٹر میں منعقدہ یونیفارم انویلڈ پروگرام میں خطاب کے دوران بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ اگر پاکستان دہشت گردوں کو پناہ دینا جاری رکھے گا تو اسے فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیے کا حصہ رہنا چاہتا ہے یا تاریخ کا۔ بھارتی آرمی چیف یہ دھمکی ایک سوال کے جواب میں دی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی آرمی چیف سے پوچھا گیا کہ اگر مستقبل میں پھر وہی حالات پیدا ہوگئے جیسا کہ گزشتہ سال آپریشن سندور کے دوران پیدا ہوئے تھے تو بھارتی فوج کیا ردِ عمل دے گی؟ اس پر جنرل دویدی نے سخت لہجے میں کہا کہ آپ نے میرا پرانا بیان سنا ہوگا۔ میں نے کہا تھا کہ اگر پاکستان نے دہشت گردوں کو پناہ دینا اور بھارت مخالف سرگرمیاں ترک نہ کیں تو اسے طے کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیے کا حصہ رہنا چاہتا ہے یا تاریخ کا۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے دہلی میں منعقدہ فوجی مکالمہ‘‘ پروگرام میں  فوجی زندگی، نئی نسل، فٹنس اور ہندوستان فوج کے مستقبل سے متعلق کئی باتیں کیں۔ سول ملٹری انٹریکشن پروگرام میں آرمی چیف نے کہا کہ ایک فوجی افسر کے لیے سب سے بڑی خوشی تب ہوتی ہے جب اس کے سپاہی اسے قبول کرتے ہیں اور اس پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔

دوسری جانب اتوار کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیانات اشتعال انگیزی اور غیر ذمہ داری پر مبنی ہیں، جن کا مقصد جنوبی ایشیا کو ایک نئے بحران اور ممکنہ تصادم کی جانب دھکیلنا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان ایک خودمختار، ایٹمی صلاحیت رکھنے والا اور عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ملک ہے، اس لیے اسے جغرافیے یا تاریخ سے مٹانے جیسے بیانات نہ صرف ناقابلِ قبول بلکہ حقیقت سے بھی مکمل طور پر متصادم ہیں۔

Related Posts