بھارتی آرمی چیف کا اشتعال انگیز بیان، آئی ایس پی آر کا سخت ردِ عمل

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارتی آرمی چیف
(فوٹو: آئی ایس پی آر)

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف اور اشتعال انگیز بیان کا سخت ردِ عمل دیتے ہوئے بیانات کو ’جنگی جنون اور غیر سنجیدہ طرزِ فکر‘ کی علامت قرار دیا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔

اتوار کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیانات اشتعال انگیزی اور غیر ذمہ داری پر مبنی ہیں، جن کا مقصد جنوبی ایشیا کو ایک نئے بحران اور ممکنہ تصادم کی جانب دھکیلنا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان ایک خودمختار، ایٹمی صلاحیت رکھنے والا اور عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ملک ہے، اس لیے اسے جغرافیے یا تاریخ سے مٹانے جیسے بیانات نہ صرف ناقابلِ قبول بلکہ حقیقت سے بھی مکمل طور پر متصادم ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی قیادت آج بھی پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے، حالانکہ دونوں ممالک کے قیام کو تقریباً 8 دہائیاں بیت چکی ہیں۔ یہی سوچ ماضی میں بھی کئی بار خطے کو جنگوں اور سنگین بحرانوں کی طرف لے جا چکی ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کسی خودمختار ایٹمی ریاست کو ’صفحۂ ہستی سے مٹانے‘ کی دھمکی دینا کوئی اسٹریٹجک بصیرت نہیں بلکہ ذہنی پسماندگی، جنگی جنون اور دہشت گردانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔بھارت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ کسی بھی جغرافیائی محاذ آرائی کے نتائج یکطرفہ نہیں ہوں گے بلکہ دونوں جانب شدید اور تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

بیان میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ذمہ دار ایٹمی طاقتیں اشتعال انگیز زبان استعمال کرنے کے بجائے بردباری، سنجیدگی اور دانشمندانہ حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔بھارت خطے میں عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے، جس کا موجودہ جارحانہ طرزِ عمل دراصل داخلی ناکامیوں اور بڑھتی ہوئی بے چینی کا اظہار ہے۔

Related Posts