بنگلہ دیشی شہر سلہٹ میں جاری دوسرے 5روزہ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل جاری ہے جہاں میزبان ٹیم کی جانب سے 278رنز کا اسکور کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 232رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ بابر اعظم 68 جبکہ ساجد خان 38رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آج اپنی پہلی اننگ کا آغاز کیا تو 22 کے مجموعی اسکور پر جواں سال بیٹر عبداللہ فضل 9 رن بنا کر تسکین احمد کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے اور 23 کے مجموعی اسکور پر اذان اویس بھی 13رن کی اننگ کھیل کر تسکین احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔ ان کا کیچ مومن الحق نے پکڑا۔
قومی ٹیم کے کپتان مسعود اور بابر اعظم نے کچھ وقت کیلئے اننگ کو سنبھالا، تاہم 61 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 21رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور سعود شکیل بھی کریز پر ٹک کر نہ کھیل سکے۔ انہوں نے 8 رن بنائے اور 79 کے مجموعی اسکور پر مہدی حسن میراز کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
بعد ازاں بابر اعظم اور سلمان علی آغا کے مابین شراکت داری نے ٹیم کے اسکور کو 142 تک پہنچایا۔ بابر اعظم 68رن بنانے کے بعد ناہید رانا کی گیند پر مشفق الرحمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 150 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہونے والے پاکستان کے چھٹے کھلاڑی سلمان علی آغا تھے جنہوں نے 21رنز بنائے۔
وکٹ کیپر محمد رضوان بھی زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 174 کے مجموعی اسکور پر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ یوں 48اعشاریہ 4اوورز میں پاکستان نے 7وکٹیں گنوا دیں جس کے بعد حسن علی اور ساجد خان نے بیٹنگ شروع کی۔ حسن علی 18رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر ناہید رانا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ساجد خان نے کچھ دیر تک بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے بہترین انداز میں بیٹنگ کی اور 4چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ ان سے قبل 207کے مجموعی اسکور پر خرم شہزاد10رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر محمود الحسن جوائے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 232 کے مجموعی اسکور پر ساجد خان بھی ناہید رانا کی گند پر تنزید حسن کو کیچ دے بیٹھے اور یوں قومی ٹیم کی پہلی اننگ اختتام پذیر ہوگئی۔ بنگلہ دیش کو دوسری اننگ کے آغاز سے قبل ہی پاکستان پر 46رنز کی برتری حاصل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








