منشیات فروشی کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آنے لگے۔ قومی شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور مبینہ سفری ریکارڈ کی تفصیلات نے تفتیش کا رخ مزید اہم بنا دیا جبکہ نام تبدیل کرکے نئی شناخت بنانے کی کوشش کا انکشاف بھی حکام کے لیے سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق پنکی نے 17 اپریل 2018 کو کراچی سے پاسپورٹ جاری کروایا تھا جس کی معیاد 17 اپریل 2023 کو ختم ہو چکی ہے۔
ریکارڈ کے مطابق انمول عرف پنکی نے اپنا قومی شناختی کارڈ 6 دسمبر 2016 کو کراچی سے بنوایا تھا جس میں اس کا پتہ ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن اقبال درج ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نے نام تبدیل کرکے نیا شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ کی سفری سرگرمیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پنکی کے اہل خانہ کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کی تفصیلات بھی جمع کر لی گئی ہیں تاکہ تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








