امریکا میں ماؤنٹین ہوم ایئر فورس بیس پر منعقد ہونے والے ایک فضائی مظاہرے کے دوران امریکی بحریہ کے دو جنگی طیارے فضائی سفر کے دوران آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔واقعے کی خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ امریکی ریاست آئیڈاہو میں پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے دونوں طیاروں میں موجود چاروں اہلکار بروقت پیراشوٹ کے ذریعے باہر نکلنے میں کامیاب رہے اور کسی جانی نقصان سے محفوظ رہے۔
امریکی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے دونوں طیارے امریکی بحریہ کے الیکٹرونک اٹیک اسکواڈرن 129 کے ای اے 18 جی گرولر تھے، جو واشنگٹن کی وِڈبی آئی لینڈ بیس سے وابستہ تھے۔طیاروں کو یہ حادثہ فضائی کرتب کا مظاہرہ کرنے کے دوران پیش آیا۔
اس حوالے سے جاری آفیشل بیان میں کہا گیا ہے کہ چاروں اہلکار بحفاظت طیاروں سے باہر نکل آئے، جنہیں بعد ازاں طبی جانچ کے لیے لے جایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں فوجی اڈے پر موجود کسی بھی فرد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
حادثے کے بعد واقعے کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار دونوں طیارے زمین کی جانب تیزی سے گرے اور زمین سے ٹکرانے کے بعد طیاروں کو آگ کے بڑے بڑے شعلوں نے گھیر لیا۔
Two Navy Jets stationed out of Whidbey Island Naval Air Station Washington crashed into each other during an air show in Idaho. All 4 on board ejected safely. pic.twitter.com/32pVW4y7gj
— ⭕️ CyberMike ⭕️ (@CyberMikeOG) May 18, 2026
عینی شاہدین کے مطابق تصادم کے بعد دونوں طیارے گھومتے ہوئے نیچے کی جانب گرے، تاہم عملے نے بروقت باہر نکل کر اپنی جان بچا لی۔ائیر شو منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ تقریب ہوابازی کی تاریخ اور جدید عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








