کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، کالعدم تنظیم کا مطلوب دہشت گرد کوئٹہ سے آتے ہوئے گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی
(ریپریزنٹیشنل فوٹو: گروک اے آئی)

ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، پاکستان رینجرز نے کالعدم تنظیم کے مطلوب دہشت گرد کو کوئٹہ سے کراچی آتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گرد کو حب ریور روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پاکستان رینجرز کا کہنا ہے کہ مطلوب دہشت گرد کو رئیس گوٹھ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کراچی آرہا تھا۔ دہشت گرد سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔

ترجمان پاکستان رینجرز کا کہنا ہے کہ  گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونیٹر، بال بیرنگ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ دہشت گرد نے جون 2020 میں رینجرز چوکی پر دستی بم حملہ کیا تھا۔ دہشت گرد کو مزید تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

خیال رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں اور آپریشن غضب للحق کے تحت افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی روکنے کیلئے عسکری کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع مہمند اور شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد کے دو مختلف مقامات پر دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنادیا۔

سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ 2 کارروائیوں کے دوران 13 ایسے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جو بھارتی سرپرستی میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ  28 اور 29 اپریل کے دوران سرحدی علاقوں میں دو علیحدہ واقعات پیش آئے، جن میں دراندازی کی کوشش کی گئی۔ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد مارے گئے۔ یہ کارروائیاں ضلع مہمند اور شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقوں میں انجام دی گئیں۔

Related Posts