پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوششیں ناکام، 13 دہشت گرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

دہشت گرد
(فوٹو: آن لائن)

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع مہمند اور شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد کے دو مختلف مقامات پر دراندازی کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 13 ایسے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جو بھارتی سرپرستی میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 28 اور 29 اپریل کے دوران سرحدی علاقوں میں دو علیحدہ واقعات پیش آئے، جن میں دراندازی کی کوشش کی گئی۔ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد مارے گئے۔ یہ کارروائیاں ضلع مہمند اور شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقوں میں انجام دی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مہمند کے علاقے میں خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت بھانپ لیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا۔ اس آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے جو بھارتی معاونت سے کام کر رہے تھے۔

اسی طرح ایک اور کارروائی شمالی وزیرستان میں عمل میں لائی گئی جہاں سرحد کے قریب دراندازی کی ایک اور کوشش کو ناکام بنایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد مزید 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  یہ واقعات ایک مرتبہ پھر اس بات کو واضح کرتے ہیں کہ افغان طالبان حکومت سرحدی نگرانی کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ پاکستان نے زور دیا ہے کہ افغان حکام اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور اپنی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دیں۔

Related Posts