سندھ طاس معاہدہ: ثالثی عدالت کا پاکستان کے حق میں فیصلہ، بھارت میں صفِ ماتم بچھ گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

سندھ طاس
(فوٹو: دی ٹریبیون)

دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی ثالثی عدالت نے سندھ طاس معاہدے کے معاملے میں پاکستان کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ بھارت میں صفِ ماتم بچھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دی ہیگ میں قائم ثالثی عدالت میں ایک بڑی قانونی جنگ جیت لی۔ عدالت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت آنے والے دریاؤں پر بھارت کی جانب سے تعمیر پن بجلی منصوبوں کیلئے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش اور حساب کتاب کے طریقہ کار پر فیصلہ سنایا۔

پاکستان اور بھارت کے مابین سندھ معاہدہ ایک بین الاقوامی سطح کا حساس معاملہ ہونے کے باعث تاحال ثالثی عدالت نے یہ فیصلہ باضابطہ طور پر شائع نہیں کیا، تاہم پاکستان اسے اپنی ایک بڑی سفارتی و قانونی کامیابی کے طور پر دیکھتا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے طریقہ کار کو چیلنج کیا تھا۔

عالمی ثالثی عدالت میں پاکستان نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھارت کا یہ طریقہ کار اسے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کے تحت طے شدہ اجازت سے کہیں زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ وزارتِ پانی و بجلی کے ایڈیشنل سیکریٹری اور ترجمان سید مہر علی شاہ نے فیصلے کی تصدیق کردی۔

ترجمان سیّد مہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ ٹریبونل نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ بھارت یکطرفہ طور پر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش متعین نہیں کرسکتا، جسے پاکستان مصنوعی قرار دے چکا ہے، جس کا پاکستان نے خیر مقدم کرتے ہوئے فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیا ہے۔

Related Posts